کشمیر کا مقدمہ بھٹو شہید کے فلسفے کے مطابق لڑیں گے، بلاول بھٹو

Last Updated On 20 August,2019 10:21 pm

استور: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان کے عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا ہے کہ آپ نے کشمیری بھائیوں کے ساتھ مل کر لڑنا ہے، کشمیر پر حملہ اصل میں مسلم اُمہ اور اقوام متحدہ پر حملہ ہے۔

استور میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ لوگوں کو نوکریاں دینے کا وعدہ کرنے والا نوکریاں چھین رہا ہے۔ گھر دینے کا وعدہ کرنے والا عوام سے چھتیں چھین رہا ہے۔ غریب عوام کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے۔ ہر چیز پر ٹیکس لگا کر غریب عوام کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف میرا سیاسی مخالف ہے لیکن سیاسی مخالف کو بلیک میل کرنا بزدلی ہے۔ ستر سالہ نواز شریف بیٹی سمیت جیل بھیجنا بزدلی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کا مقدمہ بھٹو شہید کے فلسفے کے مطابق لڑیں گے۔ کٹھ پتلی وزیراعظم میں کشمیر کا مقدمہ لڑنے کی اہلیت نہیں ہے۔ یہ کٹھ پتلی کشمیر کا مقدمہ لڑنے کی بجائے سیاسی مخالفین کو جیلوں میں بند کر رہا ہے۔ کشمیر پر حملہ اصل میں مسلم اُمہ اور اقوام متحدہ پر حملہ ہے، آپ نے کشمیری بھائیوں کے ساتھ مل کر لڑنا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اب تک گلکت بلتستان کو جتنے بھی حقوق ملے، پیپلز پارٹی کی حکومت میں ملے ہیں۔ پیپلز پارٹی کی حکومت جلد آ رہی ہے، انشا اللہ آپ کے باقی حقوق بھی ہم ہی دیں گے۔