'سینیٹ میں خفیہ رائے شماری ختم کرنے کیلئے تحریک جمع کرائیں گے'

Last Updated On 03 August,2019 03:32 pm

لاہور: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں کھلے عام دھاندلی ہوئی، صادق سنجرانی مستعفی ہوں، خفیہ رائے شماری ختم کرنے کیلئے تحریک جمع کرائیں گے، امید ہے عمران خان بھی ساتھ دیں گے۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا 2007 سے سندھ حکومت کو ہٹانے کے خواب دیکھ رہے ہیں، حکومت کو ہٹانے کا خواب دیکھنے والے چلے گئے، سندھ حکومت آج بھی ہے، سندھ حکومت ہٹا کر دکھائیں، 90 دن میں پھر واپس آؤں گا، گھوٹکی کے انتخاب میں مخالفین کو عبرتناک شکست دی، پہلے صادق سنجرانی متفقہ امیدوار تھے آج حاصل بزنجو ہیں، کل کوئی صورتحال تبدیل ہوتی ہے تو کوئی اور متفقہ امیدوار بن سکتا ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا حکومت کو بھارتی جارحیت کا معاملہ سنجیدگی سے لینا چاہیے، مودی حکومت کو بے نقاب کرنے کیلئے موقع ضائع نہیں کرنا چاہیے، اقوام متحدہ کے فورم پر مسئلہ کشمیر کو حل ہونا چاہیے، مسئلہ کشمیر پر تیسرے فریق کی ثالثی پر بہت محتاط رہنا ہوگا، مسئلہ کشمیر پر ویسا نہیں ہونا چاہیے جیسا ٹرمپ نے فلسطین میں کیا۔