تحریک عدم اعتماد میں ناکامی، بلاول بھٹو نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم کردی

Last Updated On 02 August,2019 08:43 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹرز کا چیئرمین سینیٹ کے خلاف عدم اعتماد کا ووٹ نہ دینے کا معاملہ، بلاول بھٹو نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم کر دی، جلد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سینیٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی کے خلاف عدم اعتماد کے ووٹ میں پارٹی کے سینیٹروں کے کردار اور اس انتخابات کے متعلق ایک پانچ رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنا دی ہے جس کے اراکین سید یوسف رضا گیلانی، سید نیئر حسین بخاری، سعید غنی، صابر بلوچ اور فرحت اللہ بابر ہیں۔

یہ کمیٹی اگر ضروری سمجھے گی تو دیگر اراکین کو بھی شامل کر سکتی ہے۔ یہ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی استعفوں کے متعلق پارٹی لیڈرشپ کو سفارشات بھی پیش کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ووٹ گنتی سے ہٹ کرثابت ہوا تو موت کی سزا کاحقدار ہونگا: بیرسٹرسیف

ایک بیان میں سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جمعرات کے روز سینیٹ میں ہونے والی ہارس ٹریڈنگ پر سخت مایوسی کا اظہار کیا اور فیصلہ کیا کہ وہ اس کی تہہ تک جائیں گے اور جن لوگوں نے اس سلسلے میں گندا کردار ادا کیا ہے، انہیں منظرعام پر لائیں گے۔

یہ کمیٹی اس بات کی بھی چھان بین کرے گی کہ متحدہ اپوزیشن کے پاس اکثریت ہونے کے باوجود وہ چیئرمین سینیٹ کو کیوں نہ اٹھا سکی اور جو سینیٹرز غلطی کے مرتکب پائے گئے اور جنہوں نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کی انہیں سزا بھی دی جائے گی۔

یاد رہے کہ چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ 26 جون کو اسلام آباد میں تمام پارٹیوں نے متفقہ طور پر کیا تھا۔

اس فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی میں پاکستان کے چاروں صوبوں سے اراکین لئے گئے ہیں۔

پارٹی امید کرتی ہے کہ حزب اختلاف کی دیگر پارٹیاں بھی اپنے سینیٹروں کے متعلق تحقیقات کریں گی۔