پی آئی اے میں غیر قانونی بھرتیاں، نیب کو ریفرنس کی نقول فراہم کرنیکا حکم

Last Updated On 01 August,2019 06:33 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے پی آئی اے میں غیر قانونی بھرتیوں کے ریفرنس میں نیب کو آئندہ سماعت پر ریفرنس کی نقول فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے پی آئی اے میں غیر قانونی بھرتیوں کے ریفرنس کی سماعت کی۔ مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما سردار مہتاب عباسی، سابق سیکرٹری ایوی ایشن عرفان الہیٰ، سابق سی ای او پی آئی اے مشرف رسول اور طارق پاشا بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے نیب کو آئندہ سماعت پر ریفرنس کی نقول فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ریفرنس کی نقول فراہم کرکے فرد جرم کی تاریخ مقرر کی جائے گی۔

ملزم راحیل احمد کے وارنٹ جاری ہونے کے بعد ملزم عدالت میں پیش ہوئے تو عدالت نے ملزم کو وارنٹ منسوخی کے لیے درخواست دائر کرنے کا حکم دے دیا۔ جج محمد بشیر نے کہا کہ آپ درخواست دے دیں، وارنٹ منسوخ ہو جائیں گے۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر تمام ملزمان کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 29 اگست تک ملتوی کر دی۔