لاہور ایئرپورٹ پر پرندوں کی یلغار، فلائٹ آپریشن متاثر ہونے کے بعد بحال

Last Updated On 17 July,2019 01:09 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ایئرپورٹ رن وے کے اوپر پرندوں کی بڑی تعداد کی موجودگی پر پروازوں کا رخ موڑنا پڑ گیا۔ فلائٹ آپریشن متاثر ہونے کے بعد بحال کر دیا گیا۔

لاہور ائیرپورٹ پر رن وے کے قریب پرندوں کے بھرمار نے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ میلان سے آنے والی پی آئی اے کی پرواز کو سیالکوٹ ائیرپورٹ پر اتارا گیا۔ فلائٹس شیڈول تبدیل ہونے سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ایمریٹس ایئر کی دبئی سے آنے والی پرواز سکس ٹو فور کا رخ کراچی کی جانب موڑا گیا۔ قطر ایئرویز کی دوحہ سے آنے والی پرواز سکس ٹو ایٹ کو بھی کراچی لے جانے کی ہدایات دی گئیں۔

یاد رہے رواں سال طیاروں سے پرندہ ٹکرانے کے 18 واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں، سب سے زیادہ پرندے پی آئی اے کے طیاروں سے ٹکرائے۔ عالمی قوانین کے مطابق ایئرپورٹ سے آبادی کم از کم 13 کلو میٹر دور ہونی چاہیے۔ ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق پرندوں کو مارنے کے لیے 10 سے 12 شوٹرز ڈیوٹی پر موجود رہتے ہیں۔