آرمی چیف سے فرانس کی نیشنل ڈیفنس و سیکیورٹی کی سیکرٹری جنرل کی ملاقات

Last Updated On 02 July,2019 06:51 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) فرانس کی نیشنل ڈیفنس اور سیکیورٹی کی سیکرٹری جنرل مسز کلیئر لینڈیز نے پاک فوج کے سربراہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر بات کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کا بھی جائزہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں فوجی سطح پر رابطے بڑھانے پر بھی بات کی گئی۔ فرانس کی سیکرٹری جنرل نے دہشتگردی کے خلاف پاک فوج کے کردار کو سراہا اور خطے میں امن واستحکام کے لیے پاک فوج کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔

دوسری جانب آرمی چیف سے روس کے بری فوج کے سربراہ جنرل اولیگ نے بھی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی کے شعبے میں تعلقات اور تربیت پر بات چیت کی گئی۔ جنرل اولیگ نے پاک فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیت اور دہشتگردی کےخلاف کامیابیوں کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک میں تعاون خطے کے امن واستحکام کو فروغ دینے میں مدد دے گا۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات سے خطے کی اقتصادی ترقی بھی ہوگی۔ پاکستان باہمی تعاون اور تعلق پر یقین رکھتا ہے۔