پاک فوج اور موجودہ حکومت ایک ہی لائن لینتھ پر ہیں، شیخ رشید

Last Updated On 27 June,2019 11:36 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ فوج کو وزارت خارجہ، داخلہ اور اکانومی کی سب سے زیادہ سمجھ ہے۔ فوج کو یقین ہے عمران خان پاکستان کو آگے لے کر جانا چاہتے ہیں۔

دنیا نیوز کے پروگرام ”آن دی فرنٹ“ میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ہم چوروں کی وجہ سے لوگوں کی توقعات پر پورا نہیں اترے۔ معاشی دشمنوں کی وجہ سے ایسے حالات پیدا ہوئے۔ چور اور ڈاکو ہمیں جہیز میں خسارہ ہی خسارہ دے کر گئے۔

شیخ رشید نے کہا کہ ہماری ٹیم نئی ہے لیکن پھر بھی نتائج بہتر ہیں۔ لوگوں کو اعتماد ہے کہ عمران خان کرپٹ نہیں ہے۔ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ پاکستان مشکل حالات سے نکل آیا ہے۔ یہ ماہ عمران خان کے لیے مشکل ہے لیکن آئی ایم ایف پیکج کے بعد بہتری ہو جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ سرحدوں سے نہیں ملک کو اندر سے خطرہ ہے۔ اپوزیشن انکوائری کمیشن کیخلاف چیخیں مار رہی ہے۔ پاک فوج اور موجودہ حکومت ایک ہی لائن لینتھ پر ہے۔ وزیراعظم بہت محنت کر رہے ہیں، حالات ٹھیک ہو جائیں گے، ان کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہے۔ آنے والے دنوں میں حالات بہتر ہوں گے۔

اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کے بارے میں ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کھودا پہاڑ نکلا چوہا، انہوں نے تو عمران خان کا استعفیٰ مانگنا تھا اور لاک ڈاؤن کرنا تھا۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز نہیں چاہتی شہباز شریف اور حمزہ کی سیاست ہو۔

انہوں نے کہا کہ سابق لیگی وزیر خواجہ سعد رفیق نے سارا حرام ریلوے سے کمایا، لوکوموٹو کے نام پر پیسہ بنایا گیا۔ مسلم لیگ (ن) سے کہوں گا کہ وہ خواجہ سعد سے بچے، یہ وکٹ کے دونوں طرف کھیل کر مخبری کر رہا ہے۔

شیخ رشید نے بتایا کہ ریلوے میں خسارے کو کم کیا جا رہا ہے۔ سابق وزیر ریلوے سے زیادہ منافع والا ادارہ نہ بنا سکا تو قوم سے معافی مانگوں گا۔ ایم ایل ون پر دستخط ہو چکے ہیں جبکہ تین جولائی کو وزیراعظم تین نئی ٹرینوں کا افتتاح کریں گے۔