شیخ رشید نے 15 دن میں مزید جھاڑو پھرنے کی پیش گوئی کر دی

Last Updated On 15 June,2019 07:31 pm

لاہور: (دنیا نیوز) شیخ رشید نے 15 دن میں مزید جھاڑو پھرنے کی پیش گوئی کر دی۔ انہوں نے کہا شہباز شریف اور فریال تالپور کو ڈھیل ہے، ڈیل کسی سے نہیں ہوگی، آصف زرداری کے خلاف کیسز بہت سیریس ہیں، اہم گواہ موجود ہیں۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا میں نے کہا تھا کہ گندے انڈوں کو باہر پھینکو، مگر عمران خان نہیں مانے، یہ نہ ہو کہ کسی دن کوئی بڑی خبر آ جائے، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کیخلاف بھی سیریز الزامات ہیں، ممکن ہے ایسے حالات ہو جائیں اور یہ ٹکٹکی پر لٹک جائیں، میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ جون سے پہلے جھاڑو پھرے گا، جس نے گاجریں کھائی ہیں نیب اس کو پھکی دے، آصف زرداری چھاتی کے ساتھ لگا کر تاش کھیلنے والاانسان ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا نواز شریف اور آصف زرداری کی حکومت نہیں آسکتی، ریلوے میں خسارہ کم نہ دکھا سکا تو سیاست چھوڑ دوں گا، آخری سانس تک کابینہ میں غریب کیلئے آواز اٹھاتا رہوں گا، صدارتی نظام کی کوئی گنجائش نہیں ہے، 2 یونیورسٹیز کی اجازت ملنے پر عثمان بزدار کا شکر گزار ہوں۔