عمران خان حکومت چھوڑ دیں گے، این آر او نہیں کریں گے: شیخ رشید

Last Updated On 12 May,2019 08:29 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آصف زرداری ڈیل کے قریب پہنچ چکے ہیں، وہ بھی شہباز شریف کے فارمولے کی طرز پر ڈیل کے خواہشمند ہیں لیکن عمران خان حکومت چھوڑ دیں گے این آر او نہیں کریں گے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید نے کہا کہ شہباز شریف سب کیسز سے بچ سکتے ہیں لیکن عمران خان کے بنائے منی لانڈرنگ کے کیسز سے نہیں بچ سکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ عیدالفطر کے بعد حکومت کے خلاف کوئی تحریک نہیں چلنے جا رہی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آصف زرداری ڈیل کے قریب پہنچ چکے ہیں، وہ بھی شہباز شریف کی طرز پر ڈیل کے خواہشمند ہیں لیکن عمران خان حکومت چھوڑ دیں گے لیکن این آر او نہیں کریں گے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ فضل الرحمن وکٹ کے دونوں طرف کھیلنے کے ماہر ہیں۔ تحریک مہنگائی کے خلاف چلے تو اور بات مگر لندن جانے کے لئے تحریک نہیں چلے گی۔ عمران خان پانچ سال مدت پوری کریں گے۔ ہمیں خطرہ مہنگائی اور بے روزگاری سے ہے اپوزیشن سے کوئی نہیں۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ آنے والے مہینے اہم ہیں، ایمنسٹی سکیم آ رہی ہے، آئی ایم ایف سے معاملات فائنل ہونے جا رہے ہیں اور بجٹ بھی آ رہا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ این آر او کے منگتوں کی یہ ڈیمانڈ ہے کہ انہیں باہر جانے دیا جائے۔ چودھری نثار بھی متحرک ہو گئے ہیں، وہ زیادہ ن لیگ کے اندر ایکٹو ہیں۔