شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں پاک بھارت وزرائے اعظم کا مصافحہ

Last Updated On 14 June,2019 11:06 pm

بشکیک: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کی بھارتی ہم منصب سے بھی غیر رسمی مختصر ملاقات ہوئی۔ پاکستان نے جو کہنا تھا کہہ دیا، مذاکرات کا فیصلہ اب بھارت نے کرنا ہے، ہمیں کوئی عجلت نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس پر وزیراعظم نے کئی ملکوں کے سربراہوں سے ملاقاتیں کیں، بھارتی وزیراعظم سے بھی غیر رسمی مختصر ملاقات ہوئی۔ پاکستان نے جو کہنا تھا کہہ دیا، مذاکرات کا فیصلہ اب بھارت نے کرنا ہے، ہمیں کوئی عجلت نہیں ہے۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان انتہائی مصروف رہے، انہوں نے بھارتی ہم منصب نریندر مودی سے مصافحہ کیا جبکہ مختصر بات چیت ہوئی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ یہ غیر رسمی ملاقات تھی، یہ دنیا داری تھی۔ پاکستان نے جو کرنا تھا کر لیا، اب مذاکرات کا فیصلہ بھارت نے کرنا ہے، ہمیں کوئی عجلت یا کوئی پریشانی نہیں ہے، جب بھی بھارت تیار ہوگا، ہمیں تیار پائے گا۔