بشکک: وزیراعظم شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں پہنچ گئے

Last Updated On 14 June,2019 10:03 am

بشکک: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے سربراہان کی کونسل کے اجلاس میں شرکت کیلئے پہنچ گئے، کرغزستان کے صدر نے کانفرنس ہال پہنچنے پر وزیراعظم کا استقبال کیا۔

 یاد رہے وزیر اعظم عمران خان گزشتہ روز بشکیک پہنچے تو کرغزستان کے ہم منصب نے ان کا استقبال کیا، دورے میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور معاون خصوصی عثمان ڈار بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کی کرغزستان کے صدر کی جانب سے دیئے گئے عشائیہ میں روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن سے غیر رسمی ملاقات ہوئی، دونوں رہنماؤں نے مصافحہ کیا، ایک دوسرے کی خیریت دریافت کی اور باہمی دلچسپی کے امورپر مختصربات چیت کی، ون آن ون ملاقات آج ہو گی۔

 وزیر اعظم عمران خان اور کرغزستان کے صدر کے درمیان بھی ملاقات ہوئی، کرغزستان کے صدر نے تنظیم میں پاکستان کے کردار کو سراہا، دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور دو طرفہ سیاسی مشاورتی عمل جلد شروع کرنے پر اتفاق کیا، وزیر اعظم نے کرغزستان کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔