شنگھائی تعاون تنظیم کو تنازعات کے خاتمہ کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا، وزیراعظم

Last Updated On 14 June,2019 09:21 pm

بشکیک: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کو تنازعات کے خاتمے کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا جبکہ کرپشن کے خاتمے کیلئے بھی فریم ورک بنانا ہوگا۔

وزیراعظم عمران خان اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان ملاقات بھی ہوئی جبکہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی تنہائی کا شکار نظر آئے۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں اوپن فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ وائٹ کالر کرائم کے خاتمے کیلئے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کو اقدامات کرنے چاہیں۔ تنازعات کے خاتمے کیلئے شنگھائی تعاون تنظیم کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

وزیراعظم کا کہنا تھاکہ پہلی بار ایشیا عالمی تجارت کا محور اور مرکز بن رہا ہے۔ پاکستان سرمایہ کاروں کیلئے ایک پرکشش ملک ہے، پاکستان میں متحرک افرادی قوت موجودہے۔

ان کا کہنا تھا ہم ان چند ملکوں میں سے ہیں، جنہوں نے دہشت گردی کیخلاف اقدامات کیے، ایس سی او کے انسداددہشت گردی پروگرام میں شامل ہیں۔ ایشیا کے بنیادی تنازعات حل کئے بغیرترقی ممکن نہیں ہے۔

تنظیم کے تمام رکن ممالک نے اجلاس کے متفقہ اعلامیے پر دستخط بھی کئے۔ شنگھائی تعاون اجلاس کی سائیڈ لائن میں وزیراعظم عمران خان اور چینی صدر کی ملاقات بھی ہوئی۔

اجلاس کے دوران عالمی رہنما وزیراعظم عمران خان کے ساتھ خوشگوار موڈ میں ملے۔ وزیراعظم نریندر مودی کو کسی نے لفٹ نہ کرائی۔ فوٹو سیشن کے دوران مودی قطار کے آخر میں چپ چاپ کھڑے رہے۔