وزیراعلی سے داتا دربار دھماکے میں شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین کی ملاقات

Last Updated On 13 June,2019 02:10 pm

لاہور: (دنیا نودز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے آج داتا دربار حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور ان میں ایک ایک کروڑ روپے کے چیک تقسیم کئے، وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ شہید پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ کو گھر بھی فراہم کئے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے شہید ہیڈ کانسٹیبل شاہد نذیر، شہید ہیڈ کانسٹیبل محمد سہیل، شہید کانسٹیبل محمد صدام حسین اور شہید کانسٹیبل محمد سلیم کے والدین، بیواؤں اوربچوں نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعلی نے کہا کہ شہید پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ کو گھر بھی دیئے جائیں گے اور لواحقین کو شہید اہلکار کی ریٹائرمنٹ کی مدت ملازمت مکمل ہونے تک پوری تنخواہ بھی ملتی رہے گی۔ انھوں نے اعلان کیا کہ شہید اہلکار کی بیوہ، بیٹے یا بیٹی کو سرکاری ملازمت دی جائے گی، شہداء کے اہل خانہ ان کی ریٹائرمنٹ تک سرکاری گھر میں رہ سکیں گے اور شہداء کے بچوں کو فری تعلیم اور صحت کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ نے شہید پولیس اہلکاروں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت بھی پیش کیا، اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے وزیراعلی نے کہا کہ شہید پولیس اہلکاروں نے اپنی قیمتی جانیں وطن پر قربان کی ہیں۔ شہداء کے اہل خانہ کیلئے جو کچھ ممکن ہو سکا، کریں گے۔ شہید ہمیشہ زندہ رہتے ہیں یہ ملک و قوم کے ہیرو ہیں، پنجاب پولیس نے ہمیشہ فرنٹ لائن پر آ کر بہادری اور جرأت کی تاریخ رقم کی ہے۔ قوم کو بہادرسپوتوں کی عظیم قربانیوں پر فخر ہے۔ جانوں کا نذرانہ دینے والے بہادر سپوتوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی۔