لاہور: (دنیا نیوز) انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے داتا دربار خودکش بمبار کے سہولت کار محسن خان کو 20 دن کے جسمانی ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کے حوالے کر دیا۔
سانحہ داتا دربار کیس کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں سماعت ہوئی۔ خودکش بمبار کے سہولت کار محسن خان کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ سی ٹی ڈی نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم سے تفتیش، بارودی مواد برآمدگی، ریکوری اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے 60 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کیا جائے۔
عدالت نے ملزم کا 20 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ملزم کو سی ٹی ڈی کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔ ملزم کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی کے وقت سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔