بہاولپور کی 150 سالہ قدیم مسجد الصادق، فن تعمیر کا منفرد شاہکار

Last Updated On 29 May,2019 04:43 pm

بہاولپور: (دنیا نیوز) بہاولپور میں ڈیڑھ سو سال قبل قائم ہونے والی جامع مسجد الصادق جو اپنی خوبصورتی اور فن تعمیر میں الگ مقام رکھتی ہے۔ اس مسجد میں پندرہ ہزار نمازیوں کی گنجائش ہے۔

سفید سنگ مرمر سے تیار کردہ، بلند و بالا مینار والی جامع مسجد الصادق فن تعمیر کا شاہکار ہے، مسجد کے درو دیوار پر تحریر خطاطی ہنرمندوں کی مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

مسجد کا کل رقبہ 24 کنال ہے جس میں 15000 نمازیوں کی گنجائش ہے، یہاں جو ایک بار آئے اس کے سحر میں جکڑا جاتا ہے۔ سرکار پرخرچے کا بوجھ ہے نہ ہی کوئی چندے کی فکر، یہ مسجد خود انحصاری کی اعلیٰ مثال ہے۔

خلوص کی اینٹوں پر کھڑی بنیادیں اور تعمیر میں شامل عشق کا گارا، یہی وجہ ہے کہ اس شاندار مسجد کا حسن ڈیڑھ صدی بعد بھی ماند نہ پڑ سکا، نوابی دور میں تعمیر ہونے والی یہ مسجد اپنے منفرد طرز تعمیر اور سہولیات کی وجہ سے الگ مقام رکھتی ہے۔