اپوزیشن ریلیف کیلئے اداروں کو متنازع کرنا چاہتی ہے، فردوس عاشق اعوان

Last Updated On 24 May,2019 09:02 pm

لاہور: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ عوام کے حقوق پر ڈاکا ڈالنے والوں کا احتساب ہوگا، جن کی گردن کے قریب نیب کا شکنجہ پہنچ رہا ہے ان کی چیخیں نکل رہی ہیں۔ کچھ سیاسی بونے اپنا قد اونچا کرنے کے لئے عمران خان پر بلاوجہ تنقید کر رہے ہیں۔

لاہور کے مقامی ہوٹل میں اپنے اعزاز میں دی جانے والی افطار پارٹی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جو عدلیہ میں کچھ ثابت نہ کر سکے، وہ نیب پر انگلیاں اٹھا رہے ہیں۔ وہ وقت چلا گیا جب اداروں کو ڈکٹیٹ کیا جاتا تھا۔ تتر بتر اپوزیشن کے پاس ایک بیانیہ نہیں ہے۔ ریلیف کے لیے اپوزیشن اداروں کو متنازع کرنا چاہتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب کی آڈیو ویڈیو ایڈٹ کی گئی ہے۔ نیب کو تنقید کا جواب دینے کے اپنا موثر ترجمان سامنے لانا ہوگا اور میڈیا کو بھی نیب کی تردید مان لینی چاہیے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی اور خواجہ آصف نے چیئرمین نیب کی نجی زندگی میں گھسنے کی کوشش کی۔ شہباز شریف لاپتا قائد حزب اختلاف ہیں۔ اپوزیشن کے اعصاب جواب دے گئے ہیں اور اب وہ افراتفری کا شکار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان آہستہ آہستہ اپنے سفر کی جانب رواں دواں ہیں۔ پی ٹی آئی کے دور میں سیاست صرف عوام اور عوامی مفاد کی ہوگی۔