اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کر دیا۔ شیری رحمان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اپنے اقدامات سے احتجاج کو ہوا دے رہی ہے، فیصلے سے عوام پر 175 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما و سینیٹر شیری رحمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اوگرا نے گیس کی قیمتوں میں 45 فیصد اضافے کی سفارش کی ہے، مہنگائی کا رمضان پیکج دے کر کہتے ہیں گھبرانا نہیں۔
یاد رہے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے گیس کے نرخوں میں 235 فیصد تک اضافے کی سفارش کی ہے، گیس صارفین پر اضافی 175 ارب روپے کا بوجھ پڑے گا۔ گھریلو صارفین کیلئے ماہانہ 50 کیوبک میٹر استعمال پر 248، 100 کیوبک میٹر تک استعمال پر 242 جبکہ 200 کیوبک میٹر تک گیس استعمال پر 289 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ ہوگا۔
ماہانہ 300 تا 400 کیوبک میٹر استعمال کرنے والے صارفین کے لیے 326 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافی دینا ہوں گے۔ ماہانہ 400 کیوبک میٹر سے زائد گیس استعمال کرنے والے امیر صارفین کے لیے 354 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کمی کی سفارش کی گئی ہے۔