پارلیمنٹ سے منظوری نہ لی تو آئی ایم ایف ڈیل قبول نہیں کریں گے،بلاول

Last Updated On 09 May,2019 09:45 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اعلان کیا ہے کہ اگر بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ ڈیل کو پارلیمنٹ سے منظور نہ کرایا گیا تو اسے قبول نہیں کرینگے۔

 قومی اسمبلی کے اجلاس سے اپنے دھواں دار خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے حکومتی معاشی پالیسیوں کو شدید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ پٹرول، بجلی اور گیس حکومت کی وجہ سے مہنگی ہوئی۔ عوام مہنگائی کی سونامی میں ڈوب رہے ہیں۔ مزدور، کسان اور بزرگ پنشنرز کا معاشی قتل ہو رہا ہے۔ پاکستانی عوام مہنگائی سے پریشان ہیں۔ مثبت تنقید حکومت کے مفاد میں ہے۔ لوگ مر رہے ہیں اور یہ رونے بھی نہیں دیتے۔

بلاول بھٹو نے مطالبہ کیا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) معاہدے سے متعلق ایوان کو آگاہ کیا جائے، پارلیمنٹ سے منظوری نہ لی تو آئی ایم ایف ڈیل قبول نہیں کریں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اٹھارویں ترمیم نہیں بلکہ حکومت کی نااہلی سے ملک دیوالیہ ہو رہا ہے۔ سندھ واحد صوبہ ہے جس نے اپنا ٹیکس اکٹھا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جب کوئی سمت نہ ہو تو پھر کنفوژن ہی ہوتی ہے۔ اچانک وزیر خزانہ اور گورنر سٹیٹ بینک کو ہٹا دیا جاتا ہے۔ ایسے لگتا ہے وزارت خزانہ، سٹیٹ بینک اور ایف بی آر پر آئی ایم ایف نے قبضہ کر لیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کے خطاب کے بعد وزیر مواصلات مراد سعید ردعمل دینے آئے تو مراد سعید کو مائیک دینے پر شاہد خاقان عباسی، قادر پیٹل، خواجہ آصف، احسن اقبال اور رانا ثنا اللہ دیگر اپوزیشن اراکین کے ہمراہ سیٹوں پر کھڑے ہوگئے اور سپیکر کے ڈائس کا گھیراؤ کر کے احتجاج شروع کر دیا۔

سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ میں کوئی ڈکٹیشن نہیں لونگا، اس طرح دباؤ نہ بڑھائیں۔ مراد سعید کے بعد خواجہ آصف کو موقع دونگا لیکن اس طرح دباؤ برداشت نہیں کرونگا۔