قومی اسمبلی: وزیراعظم کا ایران میں بیان، اپوزیشن کا وضاحت کا مطالبہ

Last Updated On 23 April,2019 09:34 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے ایران میں دیئے گئے بیان پر قومی اسمبلی میں اپوزیشن نے وضاحت دینے کا مطالبہ کر دیا۔ خرم دستگیر نے کہا ہے کہ عمران خان کی گفتگو نیشنل سیکیورٹی کیلئے نقصان دہ ہے۔

پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما خرم دستگیر نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا وزیراعظم نے ایران میں جو بیان دیا وہ انتہائی خطرناک ہے، عمران خان کا یہ بیان انتہائی تشویشناک ہے، انکا بیان پاکستان کو بیک فٹ پر لے جانے کے مترادف ہے

خرم دستگیر کا کہنا تھا وزیراعظم نے اس سے قبل بھی اسی قسم کا بیان نیویارک ٹائمز کو دیا، میرا مطالبہ ہے وزیراعظم کے اس بیان پر ایوان کو آگاہ کریں، عمران خان کو مودی کا یار یا غدار نہیں کہتا۔

وفاقی وزیر شیریں مزاری نے کہا کہ انسداد دہشتگردی کے لیے کالعدم تنظیموں کو ختم کرنا ہوگا، بارڈر کے دونوں طرف کالعدم تنظیموں کو ختم کرنا ہے، ایران اور پاکستان دونوں ممالک سے کالعدم تنظیموں کے خاتمے پر بات ہوئی، پاکستان اور ایران کے درمیان ایسا معاہدہ پہلے کبھی نہیں ہوا۔