اسد عمر معاشی محاذ میں کامیاب ہوتے تو ہٹایا نہ جاتا: فردوس عاشق اعوان

Last Updated On 22 April,2019 10:25 pm

لاہور: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزرا کو تبدیل کرنا عمران خان کا آئینی اختیار ہے۔ اسد عمر معاشی محاذ میں کامیاب ہوتے تو انہیں کبھی نہ ہٹایا جاتا۔ اسد عمر نے خود استعفیٰ دیا۔

دنیا نیوز کے پروگرام آن دی فرنٹ میں گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ ٹیکنوکریٹ ہیں، انھیں وزیراعظم عمران خان پہلے سے جانتے ہیں وہ شوکت خانم ہسپتال میں فنڈ دیتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشرف دور میں بھی ٹیکنوکریٹس کو لایا گیا تھا جبکہ پیپلز پارٹی دور میں کئی بار کابینہ کو تبدیل کیا گیا۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان جرات مند لیڈر ہیں جو ڈنکے کی چوٹ پر فیصلے کرتے ہیں۔ وزرا کوتبدیل کرنا میرٹ پرفیصلہ ہے، جو پر فارم کرے گا، وہ ان کی ٹیم میں رہے گا۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ بلاول کو اسمبلی کے فورم پروزرا پردہشت گردوں کے سہولت کارکا الزام نہیں لگانا چاہیے۔ انہوں نے نیشنل سیکیورٹی پرخودکش حملہ کیا ہے۔ ایسے لگ رہا تھا جیسے ایک ضدی بچہ رو کر تقریر کر رہا ہے۔ بلاول کو مزید میچورٹی کی ضرورت ہے۔