ملتان: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ حکومت سرکاری اداروں میں کرپشن کی روک تھام کے لئے اقدامات کرے۔ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی سمیت کسی بھی جماعت کے رہنما نے کرپشن اور منی لانڈرنگ کی ہے تو احتساب کیا جائے۔
ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خاتمے کے لیے صرف نیب ہی کافی نہیں، سیاسی جماعتوں کو بھی اپنے اندر احتساب کا نظام رائج کرنا چاہیے۔ معاشی اور آئینی اصلاحات وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حالات کی ذمہ دار سابقہ حکومتیں بھی ہیں۔ موجودہ حکومت کی ناکامی سب کی ناکامی تصور ہوگی۔ نوجوان مایوس ہوئے تو حالات خانہ جنگی کی طرف چلے جائیں گے۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے الزام عائد کیا کہ 2018ء کے الیکشن میں انجینئرنگ کی گئی۔ ملک مزید تجربوں کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ جنوبی پنجاب سمیت ملک بھر میں انتظامی یونٹ قائم کئے جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم کے بانی نے اپنی کے نظریے سے بے وفائی کی، اس لیے ہمیں الگ ہونا پڑا۔ میں کچھ لوگوں کے لئے قابل قبول نہیں تھا، اس لیے مجھے ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت سے الگ کیا گیا تاہم جلد ایک ایم کیو ایم نظر آئے گی۔