اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں بادلوں کا بسیرا، رم جھم کا امکان

Last Updated On 12 April,2019 10:58 am

لاہور: (دنیا) اسلام آباد اور لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بادلوں کا بسیر ا ہے، صبح ہونیوالی ہلکی بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا۔ آج بھی بیشتر مقامات پر رم جھم کی پیش گوئی ہے، سندھ کے میدانی علاقے آج بھی گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔

مختلف شہروں میں برستے مینہ نے گرمی کا زور کم کر دیا، لاہور میں بادلوں کے ڈیرے ہیں، بوندا باندی اور ٹھنڈی ہواؤں سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی جس سے گرمی کی شدت میں کمی آ گئی۔

محکمہ موسمیات نے آج اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودھا میں بارش کی نوید سنائی ہے۔ پشاور، ژوب، سبی، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی رم جھم کی توقع ہے۔

آج اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 34، لاہور 33، فیصل آباد 34، ملتان ِ36، پشاور 32، کوئٹہ 26 اور کراچی میں 36 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔