لاہور: ( روزنامہ دنیا) ریسکیو 1122 کے بعد شہریوں نے ایمرجنسی کال سروس 15 کو بھی مذاق بنا ڈالا۔ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے آئی سی تھری سیکشن سے حاصل کردہ ڈیٹا کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال 15 ایمرجنسی سروس پر موصولہ 71 فیصد کالز جھوٹی ثابت ہوئیں۔
15 پر مجموعی طور پر 43 لاکھ 45 ہزار 246 کالز موصول ہو ئیں، از راہِ مذاق کی جانے والی جھوٹی کالز کی تعداد 30 لاکھ 86 ہزار 836 ہے، 15 سروس پر ہنگامی نوعیت کے معاملات میں رہنمائی کیلئے 2 لاکھ 56 ہزار 394 کالز موصول کی گئیں۔ 15 ایمرجنسی کالزسے متعلقہ کیسز کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 11 ہزار 228 رہی۔ 15 پر شرارتاً کالز پر ریسپانس کی وجہ سے پولیس کا قیمتی وقت اور وسائل کا ضیاع ہوا۔ شہری 15 ایمرجنسی سروس کی اہمیت اور اپنی ذمہ داری کا ادراک کریں۔
ترجمان لاہور پولیس نے کہا شہری 15 ایمرجنسی سروس کی اہمیت اور ایک باشعور شہری ہونے کی حیثیت سے اپنی ذمہ دار ی کا ادراک کریں کیونکہ 15 پر گمراہ کن اور جھوٹی کالز سے گریز سے ہی مشکل کا شکار زیادہ سے زیادہ افراد کی فوری داد رسی ممکن بنائی جا سکتی ہے۔