اوکاڑہ میں کرنٹ لگنے سے ایک مزدور جاں بحق، 3 جھلس کر زخمی‌

Last Updated On 07 April,2019 02:23 pm

اوکاڑہ: (دنیا نیوز) اوکاڑہ میں کرنٹ لگنے سے ایک مزدور جاں بحق ہو گیا، حادثے میں 3 مزدور بھی جھلس گئے جن میں سے 2 کی حالت تشویش ناک ہے۔

اوکاڑہ کے علاقہ بصیرپور گیلانی چوک میں شادی کے ٹنیٹ لگاتے ہوئے چار مزدوروں کو بجلی کا کرنٹ لگ گیا۔ مزدور چھت کے اوپر ٹینٹ لگاتے ہوئے لوہے کا راڈ 11 ہزار کے وی کی تاروں سے ٹکرا گیا جس کی وجہ سے کرنٹ لگنے کے باعث فرید احمد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 3 مزدور طاہر حسن، بشارت اور محمد بوٹا بری طرح جھلس گئے، ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر بروقت کارروائی کرتے ہوئے تینوں مزدوروں کو قریبی رورل ہیلتھ سنٹر منتقل کردیا جہاں ان کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ کرنٹ لگنے کی وجہ سے 2 مزدوروں کی حالت تشویشناک ہے۔