لاہور: گرمیوں میں 3 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کا عندیہ

Last Updated On 29 March,2019 09:41 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے شہر میں دو سے تین گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا عندیہ دے دیا۔ موسم میں تبدیلی کے ساتھ شہر میں بجلی کی کھپت میں اضافہ ہوا ہے اور شارٹ فال 500 میگاواٹ ہوچکا ہے۔ کمپنی کی ڈیمانڈ 2400 میگاواٹ جبکہ فراہمی 1900 میگاواٹ تک پہنچ گئی ہے۔

لیسکو چیف مجاہد پرویز چٹھہ نے بتایا کہ موسم میں تبدیلی کی وجہ سے دو سو میگا واٹ طلب میں اضافہ ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک اور موسم گرما میں بجلی کی لوڈشیڈنگ پیداوار سے مشروط ہے۔

دوسری جانب ڈائریکٹر آپریشن لطیف مغل نے پاور کنٹرول سنٹر کا دورہ کیا اور کہا کہ صارفین کو بجلی فراہم کرنے کیلئے عملہ 24 گھنٹے ڈیوٹی پر مامور ہے۔