پنجاب میں بارش: ساہیوال میں چھت گرنے سے بہن بھائی جاں بحق

Last Updated On 04 March,2019 11:46 am

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش، ساہیوال میں چھت گرنے سے بہن بھائی جاں بحق ہوگئے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

پنجاب میں بارش کے باعث بعض مقامات پر حادثات بھی پیش آئے، ساہیوال میں گھر کی چھت گرنے سے بہن بھائی جاں بحق ہوگئے، ریسکیو ٹیموں نے ملبے سے لاشیں نکال لیں، جاں بحق ہونیوالے بہن بھائی کی شناخت 8 سالہ سمیعہ اور 11 سالہ علی حسن کے نام سے ہوئیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج آزاد کشمیر اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ شہر قائد میں 2 دن بادل رہنے کے بعد آج رخصت ہوگئے، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک اور سرد رہے گا۔ دوسری طرف پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند چھائی رہی، موٹروے پر بھی ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج سب سے سرد ترین مقام کالام رہا جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6 ریکارڈ کیا گیا جبکہ پارا چنار منفی 05، مالم جبہ، سکردو منفی 04 اور ہنزہ، استور میں منفی 03 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 7، لاہور 9، فیصل آباد 10، ملتان 9، پشاور 6، کوئٹہ 1 اور کراچی میں 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔