بارش نے تباہی مچا دی،چھتیں گرنے اور لینڈسلائیڈنگ سے 24 جاں بحق

Last Updated On 21 February,2019 06:16 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ملک کے مختلف علاقوں میں گزشتہ رات سے ہونے والی بارش نے تباہی مچا دی۔ چھتیں گرنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 24 تک پہنچ گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے خیبر پختونخوا میں 14 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی۔

ملتان میں بدھلہ روڈ پر بارش کے باعث گھر کی خستہ حال چھت گر گئی۔ ملبے تلے دبنے سے ماں اور تین بچے جاں بحق ہو گئے۔ راجن پور کی تحصیل روجھان کی بستی اللہ بخش سنجرانی میں محنت کش کے مکان کی چھت گر گئی۔ حادثے میں میاں، بیوی جان سے گئے۔ کوٹ چھٹہ میں بیٹا جاں بحق اور باپ زخمی ہو گیا۔

ادھر شیخوپورہ میں بھی افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ نوحی علاقے لالکے میں گھر کی چھت گرنے سے میاں بیوی جاں بحق ہو گئے۔ گوجرانوالہ میں سکول کی چھت گرنے سے ٹیچر جبکہ عشیری درہ میں مکان کی چھت گرنے سے خاتون جاں بحق ہو گئی۔ حادثات میں 5 افراد زخمی بھی ہوئے۔

بارش کے باعث دیر بالا کے مختلف علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات ہوئے۔ کارودرہ میں گھر پر پتھر گرنے سے 2 بچے جاں بحق اور ماں زخمی ہو گئی۔

ادھر گندیگار میں بھی بھاری پتھر ایک گھر پر جا گرا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ مظفر آباد کے علاقے جہلم ویلی میں سکول جانے والے بچے لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ملبے تلے دب گئے، ایک جاں بحق جبکہ 2 کو بچا لیا گیا۔

شانگلہ میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 6 گھروں کو نقصان پہنچا۔ ملوٹ ستیاں میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مرکزی شاہراہ بند ہونے سے کوٹلی ستیاں کا آزاد کشمیر سے زمینی راستہ منقطع ہو گیا۔

باجوڑ کے علاقہ اینزری میں گھر کی چھت گرنے سے 3 افراد جاں بحق ہوئے۔ طورخم میں 2 بچے جبکہ وادی تیرہ میں 2 افراد جان سے گئے۔ کہوٹہ کے علاقے سنبل میں بھی بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی جس سے 2 سالہ بچی جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہو گئے۔

لاہور، گوجرانوالہ، نارووال، دیپالپور، منڈی بہاء الدین سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بھی بارش سے نظام زندگی درہم برہم ہوا۔ مختلف علاقوں میں بجلی بھی غائب ہے۔