بھارتی پائلٹ کی رہائی،پاکستان نے اعلیٰ ظرفی کی مثال قائم کر دی:اراکین پنجاب اسمبلی

Last Updated On 01 March,2019 06:13 pm

لاہور: (دنیا نیوز) اراکین پنجاب اسمبلی کا کہنا ہے کہ بھارتی پائلٹ کو رہا کر کے پاکستان نے اعلیٰ ظرفی کی مثال قائم کر دی، بھارت ہم سے سیکھے۔ بھارتی میڈیا منفی کردار ادا کر رہا ہے صرف جل بھن کر رہ گیا ہے۔ پاکستان نے اسلامی ملک ہونے کے ناطے ہمسایہ ملک کو دشمن بھی باحفاظت لوٹا دیا، اب بھارت بھی دریا دلی دکھائے۔

صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے ایک بار پھر امن کی پیشکش کی گئی ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان جاری کشیدہ صورتحال میں نہایت احسن قدم ہے۔

رکن اسمبلی تحریک انصاف سمیرا احمد نے کہا کہ ہم کسی قسم کی جارحیت پر یقین نہیں رکھتے جبکہ ق لیگ کی رکن خدیجہ فاروقی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی اعلیٰ ظرفی کو پوری دنیا سراہ رہی ہے۔

وزیر ہائیر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں نے کہا کہ وزیراعظم نے بڑے دل کا مظاہرہ کیا، مگر بھارتی میڈیا پاکستان کی اعلیٰ ظرفی کو نہیں دیکھ پا رہا، جل بھن گیا ہے۔

ن لیگ کے رکن اسمبلی منیب الحق کا کہنا تھا کہ بھارت اب اپنے جنگی جنون کو ختم کر کے مذاکرات کی طرف آئے اور اچھائی کے بدلے اچھا بن کر دکھائے۔