جذبہ امن کے تحت بھارتی پائلٹ کو رہا کرنے کا اعلان کیا: ملیحہ لودھی

Last Updated On 01 March,2019 05:57 pm

نیویارک: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے امن کے جذبے کے تحت زیر حراست بھارتی پائلٹ کو رہا کرنے کا اعلان کیا ہے، یہ اب بھارت پر منحصر ہے کہ وہ کشیدہ صورتحال میں کمی لائے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی چیف آف سٹاف کے ساتھ ملاقات کے بعد ایک انٹرویو میں ملیحہ لودھی نے کہا کہ پاکستان بھارت سے اُمید کرتا ہے کہ وہ امن کے جذبے کے جواب میں مذاکرات کی پیشکش پر اپنا ردعمل ظاہر کرے۔

ملیحہ لودھی نے بتایا کہ انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی چیف آف سٹافسے کہا ہے کہ سفارتی سطح پر دوست ملکوں کی کوششوں سے فوج کی سطح پر کشیدگی میں کمی لانا باقی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کے مستقل رکن ملکوں کے سفرا کے ساتھ ملاقات کے علاوہ وہ مسلمان ملکوں کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کر رہی ہیں اور بالخصوص ترکی کی جانب پاکستان کے ساتھ یکجہتی اور حمایت پر ترکی سفیر کا شکریہ ادا کیا۔