مسلح افواج بھارتی جارحیت کا جواب دینے کیلئے تیار ہیں: عسکری قیادت

Last Updated On 26 February,2019 11:38 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور پاک فضائیہ کے سربراہ مجاہد انور خان نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج بھارتی جارحیت کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایئر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور پاک فضائیہ کے سربراہ مجاہد انور خان سے ملاقات کی۔ دونوں سربراہان نے پاک فوج اور فضائیہ کی تیاریوں اور باہمی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج کے دونوں سربراہان نے موجودہ صورتحال اور آپریشنل تیاریوں پر بات چیت کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستانی مسلح افواج بھارتی جارحیت کا جواب دینے کیلئے تیار ہیں۔

یاد رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ روز سیالکوٹ کے قریب ورکنگ باؤنڈری کا دورہ کیا اور جوانوں اور افسروں کے حوصلے کو سراہا۔

پاک فوج کے سربراہ نے گزشتہ دنوں اپنے ایک اہم بیان میں کہا تھا کہ پاکستان امن سے محبت کرنے والا ملک ہے، تاہم اگر جارحیت ہوئی تو اسی شدت سے اس کا جواب دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فوج مادر وطن کی حفاظت کیلئے ہمہ وقت تیار ہے، آرمی چیف

جمعہ کے روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کنٹرول لائن پر چری کوٹ اور باگسر سیکٹروں کا دورہ کیا اور پاک فوج کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر بھی آرمی چیف کے ہمراہ تھے۔ جبکہ کمانڈر آرمی ائر ڈیفسن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل حمود زمان خان اس موقع پر موجود تھے۔

آرمی چیف کو فارمیشن کمانڈرز کی جانب سے کنٹرول لائن کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے افسروں اور جوانوں کے بلند جذبے کو سراہا۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان امن سے محبت کرنے والا ملک ہے لیکن کسی کے دباؤ میں آنے والا نہیں، کسی بھی جارحیت کا اسی شدت سے جواب دیا جائے گا۔