پاک فوج مادر وطن کی حفاظت کیلئے ہمہ وقت تیار ہے، آرمی چیف

Last Updated On 25 February,2019 12:00 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید نے ایک بار پھر اس عزم کو دہرایا ہے کہ پاکستانی فوج مادر وطن کی حفاظت کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سیالکوٹ کے قریب ورکنگ باؤنڈری کا دورہ کیا اور جوانوں اور افسروں کے حوصلے کو سراہا۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ مجھے پاکستان آرمی کی قیادت کرنے پر فخر ہے۔ مادر وطن کی حفاظت سےزیادہ مقدس کوئی چیز نہیں، پاک فوج مادر وطن کی حفاظت کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔

خیال رہے کہ پاک فوج کے سربراہ نے گزشتہ دنوں اپنے ایک اہم بیان میں کہا تھا کہ پاکستان امن سے محبت کرنے والا ملک ہے، تاہم اگر جارحیت ہوئی تو اسی شدت سے اس کا جواب دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کسی بھی جارحیت کا اسی شدت سے جواب دیا جائے گا، آرمی چیف

جمعہ کے روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کنٹرول لائن پر چری کوٹ اور باگسر سیکٹروں کا دورہ کیا اور پاک فوج کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر بھی آرمی چیف کے ہمراہ تھے۔ جبکہ کمانڈر آرمی ائر ڈیفسن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل حمود زمان خان اس موقع پر موجود تھے۔

آرمی چیف کو فارمیشن کمانڈرز کی جانب سے کنٹرول لائن کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے افسروں اور جوانوں کے بلند جذبے کو سراہا۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان امن سے محبت کرنے والا ملک ہے لیکن کسی کے دباؤ میں آنے والا نہیں، کسی بھی جارحیت کا اسی شدت سے جواب دیا جائے گا۔