'اچھا ہوتا جنرل بپن پاکستانی سپہ سالار کے امن وژن کو بھی فالو کرتے'

Last Updated On 24 February,2019 10:58 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے جنرل بپن راوت کے انٹرویو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا وژن علاقائی امن اور ترقی کا ہے، اچھا ہوتا کہ بھارتی آرمی چیف پاکستانی سپہ سالار اور ان کے امن وژن کو فالو کرتے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف نے کہا کہ وہ پاکستانی آرمی چیف کو فالو کرتے ہیں، اچھا ہوتا کہ وہ جنرل باجوہ کے امن وژن کو بھی فالو کرتے، بھارت کو پاکستان کیساتھ دشمنی کوترک کرنا ہو گا۔

یاد رہے کہ نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے جب بھارتی آرمی چیف سے پاکستانی آرمی چیف کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ میں جنرل باجوہ کو پوری طرح فالو کرتا ہوں۔ وہ جو کہتے ہیں میں سنتا ہوں، میں مکمل طور پر فیڈ بیک لیتا ہوں ،میں اس بات کا بھی علم رکھتا ہوں کہ وہ کہاں کا دورہ کر رہے ہیں، میں اُن کو ہر انداز میں فالو کرتا ہوں۔