کلبھوشن یادیو کب ریٹائر ہوا؟ بھارت نے کوئی ثبوت نہیں دیا: دفتر خارجہ

Last Updated On 18 February,2019 10:47 pm

دی ہیگ: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ بھارت نے کلبھوشن یادیو کیس میں آج پیش کیے جانے والے بھارتی دلائل میں کوئی نئی بات نہیں تھی۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کی جانب سے جاری ویڈیو بیان میں کہا گیا ہے کہ آج عالمی عدالت برائے انصاف میں بھارتی دہشت گرد کمانڈر کلبھوشن یادیو کے کیس کا پہلا دن تھا۔

انہوں نے بتایا کہ بھارت نے اپنے دلائل دیے لیکن ان میں کوئی نئی بات نہیں تھی۔ بھارت نے ہمارے اعتراضات پر جواب نہیں دیا جبکہ اس بات کا جواب ابھی تک نہیں دیا کہ اس کے پاس حسین مبارک پٹیل کا پاسپورٹ کہاں سے آیا اور سترہ بار سفر کس طرح کیا؟

ان کا کہنا تھا کہ کلبوشن یادیو پاکستان میں کیا کر رہا تھا؟ بھارت نے جواب نہیں دیا۔ اگر وہ ریٹائر تھا تو کب ہوا؟ کوئی ثبوت؟ کوئی پینشن بک کی کاپی؟

ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ ہندوستان بریت، رہائی اور کلبھوشن کی واپسی کا کہتا ہے لیکن اس بات کا جواب نہیں دیتا کہ کلبھوشن کی دہشت گردی کے باعث متاثرین کو انصاف کیسے ملے گا؟ ہم کل اپنے دلائل دیں گے۔