کلبھوشن یادیو کیس کی عالمی عدالت انصاف میں سماعت، بھارتی وکلا کے دلائل جاری

Last Updated On 18 February,2019 03:58 pm

ہیگ: (دنیا نیوز) عالمی عدالت انصاف میں کلبھوشن یادیو کے کیس کی سماعت جاری ہے، بھارتی وکلا کے دلائل جاری ہیں، پاکستان کل اپنا موقف پیش کرے گا۔

عالمی عدالت انصاف میں کلبھوشن یادیو کیس سماعت، پاکستان منگل سے اپنے دلائل کا آغاز کرے گا۔ 20 فروری کو بھارتی وکلاء پاکستانی دلائل پر بحث کریں گے، 21 فروری کو پاکستان بھارتی وکلاء کے دلائل پر جواب دیا جائے گا۔ خاور قریشی پاکستان کی جانب سے دلائل دیں گے۔ پاکستان اور بھارت پہلے ہی ایک ایک میموریل اور جواب آل جواب جمع کرا چکے ہیں۔

دفتر خارجہ کے اعلیٰ حکام، اٹارنی جنرل، وزارت قانون کے اعلی حکام بھی دی ہیگ میں سماعت کیلئے موجود ہیں۔ پاکستان کی جانب سے سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی عالمی عدالت میں ایڈہاک جج کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ سفارتی ذرائع کے مطابق کلبھوشن کی ریٹائرڈ منٹ کے بھارت نے ثبوت فراہم نہیں کیے، مبارک حسین پٹیل کے نام سے جاری پاسپورٹ پر تسلی بخش جواب بھی نہیں دیا گیا، کلبھوشن یادیو نے 17 بار دلی کا دورہ کیا۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے عالمی عدالت سماعت مکمل ہونے کے بعد فیصلہ 3 سے 4 ماہ تک سنائے گئی۔ دونوں ممالک کی جانب سے اپنے شواہد عالمی عدالت میں جمع کرائے جا چکے ہیں، پاکستان یا بھارت مزید دستاویزات عالمی عدالت میں جمع نہیں کرا سکتے۔ دوسری طرف کلبھوشن یادیو کے معاملے پر بھارت کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے کیونکہ برطانوی فرانزک ادارے نے انڈین جاسوس کا پاسپورٹ اصلی قرار دے دیا ہے۔