عوام سستے حج کے جھانسے میں نہ آئیں، وزیر مذہبی امور

Last Updated On 13 February,2019 08:54 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری نے کہا ہے کہ پرائیویٹ ٹورز آپریٹرز کے کم خرچ پر حج کرانے کے دعوے جھوٹے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری کا کہنا تھا کہ حج پالیسی کا پچھلے ہفتے اعلان ہو چکا ہے، اس کے حق میں اور خلاف بھی باتیں ہو رہی ہیں۔ اس سال حج اخراجات میں اضافہ ہوا ہے تاہم ہماری وزارت کا مقصد حاجیوں کو سہولیات دینا ہے۔ ہماری پالیسی نہیں ہے کہ حج کومہنگا کیا جائے۔

نور الحق قادری نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سستے حج کے چکر میں کسی کے جھانسے میں نہ آئیں، پرائیویٹ ٹورز آپریٹرز کے کم خرچ پر حج کرانے کے دعوے جھوٹے ہیں۔ حج کے بارے میں تمام تفصیلات ہماری ویب سائٹ پر موجود ہیں جس سے عوام رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس دفعہ گلگت بلتستان میں عارضی حاجی کیمپ کا بندوبست کیا ہے جسے بعد میں مستقل کر دیا جائے گا۔ پچھلے سال حجاج کو منیٰ میں کھانے پینے کے حوالے سے شکایات تھیں، امید ہے کہ اس بار ایسا نہیں ہوگا۔