شہباز شریف کا حج پیکج میں اضافے کا معاملہ اسمبلی میں اٹھانے کا اعلان

Last Updated On 01 February,2019 03:52 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اپوزیشن لیڈر نے حج پیکج میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے معاملہ قومی اسمبلی میں اٹھانے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا ریاست مدینہ بنانے کی دعویدار حکومت نے عوام کا مکہ مدینہ جانا مشکل بنا دیا۔

اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے حجاج کو دینی فریضہ کی ادائیگی میں مشکلات سے دوچار کر دیا، پی ٹی آئی پہلی کابینہ ہے جس نے حج پر کسی قسم کی کوئی سبسڈی نہیں دی۔

شہبازشریف نے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ریاست مدینہ کے دعویدار حکومت نے عوام کا مکہ اور مدینہ جانا مشکل بنا دیا ہے، ہماری حکومت نے 2018ء تک حج پیکجز کو مہنگا ہونے سے روکے رکھا تھا، ن لیگ نے اپنے دور میں حج کے سب سے بہترین انتظامات کئے۔

اپوزیشن لیڈر کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن حج پیکجز میں اضافے کا معاملہ قومی اسمبلی میں اٹھائے گی اور حکومت سے جواب طلب کرے گی۔