کراچی: (دنیا نیوز) پی ای سی ایچ سوسائٹی بلاک ٹو میں مسلح ملزمان نے چلتی ہوئی گاڑی پر گولیاں برسا دیں، گاڑی میں موجود کے ڈِی اے کا افسر موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
کراچی میں ٹارگٹ کلرز پھر سے سرگرم ہو گئے۔ دن دیہاڑے ملزمان نے گاڑی پر فائرنگ کر کے سرکاری افسر کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ یہ واقعہ کراچی کے علاوے پی ای سی ایچ سوسائٹی بلاک ٹو میں پیش آیا جہاں موٹر سائیکل سوار دو مسلح ملزمان نے گاڑی پر گولیاں برسا دیں۔
پولیس حکام کے مطابق مقتول علی محمد شاہ کے ڈی اے میں گریڈ پندرہ کا ملازم تھا۔ ملزمان نے چلتی ہوئی گاڑی پر فائر کیے، جائے وقوع سے ایک خول ملا ہے۔ واردات میں ملزمان نے تیس بور پستول کا استعمال کیا۔
اورنگزیب خٹک ایس ایچ او فیروز آباد پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک ہی موٹر سائیکل پر دو ملزمان نے گاڑی کو نشانا بنایا۔ گاڑی کو تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔ واقعہ ٹارگٹ کلنگ ہے یا نہیں؟ اس حوالے سے تحقیقات کر رہے ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے کراچی پولیس چیف سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔