اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین نیب نے جعلی اکاؤنٹس کے معاملے کی مزید تحقیقات کیلئے کمبائنڈ انوسٹی گیشن ٹیم تشکیل دیدی، وہ تحقیقاتی عمل کی براہ راست نگرانی خود کریں گے۔ سی آئی ٹی سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کی روشنی میں تشکیل دی گئی۔
چیئرمین نیب جاوید اقبال کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں جعلی اکاؤنٹس کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا گہرائی سے جائزہ لیا گیا جس کے بعد تحقیقات کیلئے کمبائنڈ انوسٹی گیشن ٹیم بنانے کا فیصلہ ہوا۔
نیب اعلامیہ کے مطابق جعلی اکاؤنٹس کے معاملے پر سی آئی ٹی کی سربراہی ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی کریں گے، تحقیقاتی ٹیم کی براہ راست نگرانی چیئرمین نیب جاوید اقبال خود کریں گے۔
ترجمان نیب کا کہنا ہے کہ کمبائنڈ انوسٹی گیشن ٹیم نے قانون کے مطابق باقاعدہ کام شروع کردیا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں قانون اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر تحقیقات منطقی انجام تک پہنچائی جائیں گی، اس معاملے پر قیاس آرائیوں سےگریز کیا جائے۔