لاہور: (دنیا نیوز) قائد حزب اختلاف شہباز شریف نےلاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں آشیانہ ہاوسنگ کیس میں طبی وجوہات پر ضمانت مانگی گئی ہے۔ سابق وزیراعلی پنجاب نے درخواست میں وفاقی حکومت اور نیب کو فریق بنایا ہے۔
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ نیب نے آشیانہ ہاوسنگ کے حوالے سے قانون کے منافی کیس بنا کر گرفتار کیا، بحثیت وزیراعلی جو بھی کیا آئین اور قانون کے مطابق کیا، سرکار کی ایک انچ زمین بھی کسی کو نہیں دی گئی، عدالت طبی بنیادوں پر درخواست ضمانت منظور کرے۔
شہبازشریف نےاپنے وکیل اعظم نذیر تارڑ اور امجد پرویز کی وساطت سے درخواست دائر کی جس میں وفاقی حکومت اور نیب کو فریق بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعلی پنجاب کو آشیانہ اقبال ہاوسنگ کیس میں اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات پر گزشتہ برس اکتوبر میں گرفتار کیا گیا تھا۔ نیب، شہبازشریف کے خلاف آشیانہ سکیم کا ٹھیکہ لطیف اینڈ کمپنی سے غیر قانونی طور پر منسوخ کروا کر پیراگون کی پراکسی کمپنی کاسا کو دلوانے کے حوالے سے تحقیقات کر رہا ہے۔