کسی بھی اقدام میں حقوق سے تجاوز نہیں کیا، چیف جسٹس

Last Updated On 14 January,2019 05:41 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ ملک کی خوشحالی قانون کی حکمرانی میں ہے۔ نظام انصاف معاشرے میں امن کی ضمانت دیتا ہے، اس کیلئے بہت کچھ کرنا باقی ہے۔

چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار کا تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ کریمنل جسٹس سسٹم میں مزید بہتری کی ضرورت ہے۔ پولیس اصلاحات پر اب تک زیادہ کام نہیں ہو سکا۔ نظام انصاف کے لیے ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ ہم پولیس کوغیر سیاسی اور عوام دوست بنانا چاہتے ہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ عدلیہ نے عوام کا اعتماد حاصل کیا ہے، پاکستان کے عوام تبدیلی اور قانون کی بالادستی چاہتے ہیں، جتنے بھی اقدامات اٹھائے حدود سے تجاوز نہیں تھے۔ عدلیہ کے تمام فیصلے معاشرے کی بہتری کے لیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس ریفارمز پر زیادہ اقدامات نہ کر سکے لیکن میری کوشش رہی کہ پولیس مکمل طور پر آزاد ہو، کہا گیا کہ ڈی پی او پاکپتن کیس پر ازخود نوٹس کیوں لیا؟ اے ڈی خواجہ کیس سے پہلے کسی نے پولیس اصلاحات پر توجہ نہیں دی۔