قائداعظم یونیورسٹی کی اراضی پر قبضہ کیخلاف انتظامیہ اور طلبہ کا احتجاج

Last Updated On 02 January,2019 05:46 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قائداعظم یونیورسٹی کی 450 ایکڑ اراضی پر قبضے کے خلاف یونیورسٹی انتظامیہ اور طلبہ کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے وزیراعظم عمران خان سے فوری نوٹس لے کر قبضہ مافیا کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔

قائداعظم یونیورسٹی کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی اور طلبہ تنظیموں کی جانب سے جامعہ کی اراضی پر قبضے کے خلاف نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر احتجاج کیا جس میں جامعہ کے اساتذہ، طلبہ اور عہدیداروں نے شرکت کی۔

احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ گزشتہ 3 برس سے قبضہ مافیا کے خلاف ہر فورم پر احتجاج کیا جا رہا ہے لیکن بااثر قبضہ مافیا کے خلاف کوئی کارروائی کی گئی اور نا ہی جامعہ کی اراضی واگزار کرائی جا سکی۔

سی ڈی اے کو یونیورسٹی کی 1709 ایکڑ اراضی کی قیمت ادا کی جا چکی ہے لیکن اس میں سے 450 ایکڑ پر قبضہ کر لیا گیا ہے جہاں پر منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ افراد نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔

مظاہرین نے کہا کہ حکومتی عدم توجہی کے باعث 12 ہزار سے زائد طلبہ کا مستقبل قبضہ مافیا کے رحم و کرم پر ہے۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے اعلان کے مطابق قائد اعظم یونیورسٹی کی اراضی واگزار کرائیں۔