تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر پورٹ قاسم ملازمین کا احتجاج، متعدد گرفتار

Last Updated On 09 December,2018 11:04 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں پورٹ قاسم کے ملازمین نے تنخواہیں نہ ملنے پر پریس کلب کے باہر احتجاج کیا، گورنر ہاؤس کے باہر دھرنا دینے کی کوشش پر پولیس نے زبردست لاٹھی چارج کیا، واٹر کینن کا بھی استعمال، پانچ مظاہرین کو حراست میں لے لیا گیا۔

کراچی میں پورٹ قاسم کے ملازمین کو گورنر ہاؤس کے باہر احتجاج مہنگا پڑ گیا، دھرنا دینے کی کوشش پر پولیس مظاہرین پر ٹوٹ پڑی۔ لاٹھی چارج اور واٹر کینن سے مظاہرین کو دھو ڈالا، کئی بزرگ مظاہرین بھی واٹر کینن کی زد میں آئے، مظاہرے میں شریک متعدد افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

تنخواہیں نہ ملنے پر کراچی پریس کلب کے باہر سراپا احتجاج پورٹ قاسم کے ملازمین مارچ کرتے ہوئے گورنر ہاؤس کے باہر پہنچے تو دھرنا دینے پر پولیس سے مڈ بھیڑ ہو گئی، گورنر ہاؤس کے باہر علاقہ کافی دیر تک میدان جنگ کا منظر پیش کرتا رہا، پانچ ملازمین کو حالت خراب ہونے پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

لاٹھی چارج اور واٹر کینن کے استعمال کے باعث مظاہرین واپس پریس کلب لوٹ گئے، احتجاج کے وقت وزیراعظم عمران خان بھی گورنر ہاؤس میں موجود تھے۔

اطلاعات ہیں کہ وزیراعظم نے پورٹ قاسم ملازمین کے احتجاج کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی وزیر جہازرانی و بندر گاہ علی زیدی کو گورنر ہاؤس طلب کر لیا ہے۔