بحریہ ٹاؤن کراچی کے ٹھیکیداروں، پراپرٹی ڈیلرز، ملازمین کا احتجاج

Last Updated On 09 December,2018 10:30 am

کراچی: (دنیا نیوز) بحریہ ٹاؤن کے ملازمین نے احتجاج کرتے ہوئے سپرہائی وے کے دونوں ٹریک بند کر دیئے جس سے ٹریفک جام ہوگئی، گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

 تفصیلات کے مطابق بحریہ ٹاؤن کے اسٹیٹ ایجنٹس، سرمایہ کاروں اور ملازمین نے توحید کمرشل ایریا ڈیفنس میں احتجاج کیا۔ مظاہرین کا کہنا ہے 5 سال کی قسطیں جمع کروانے کے بعد ہم کہاں کھڑے ہیں، ہمیں نہیں پتا ہماری سرمایہ کاری کا کیا ہوگا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کام رکنے کی وجہ سے پیسے نہیں مل رہے، بحریہ ٹاؤن کی بجلی اور اکاؤنٹس بحال کئے جائیں، گھروں میں فاقے ہیں، بچوں کی فیسیں تک نہیں دے پا رہے، معلوم نہیں سرمایہ کاری کا کیا بنے گا۔ مظاہرین نے وزیراعظم اور چیف جسٹس سے معاملہ حل کرنے کی اپیل کر دی۔ مظاہرین سپرہائی وے اور کلفٹن سے ریلی کی شکل میں اسٹار گیٹ جائیں گے۔