’میگا کرپشن مقدمات ترجیحی بنیادوں پر منطقی انجام تک پہنچائے جائیں‘

Last Updated On 20 December,2018 08:10 pm

لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین نیب جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب کرپشن فری پاکستان کے خواب کو تعبیر بخشنے کیلئے کوشاں ہے، ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ نیب کی اولین ترجیح ہے۔

چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے نیب لاہور بیورو کا دورہ کیا جہاں انھیں ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور شہزاد سلیم کی جانب سے مجموعی کارکردگی اور زیرِ تفتیش کیسز پر جامع بریفنگ دی گئی۔

چیئرمین نیب نے 56 کمپنیز کیس، پیراگون سٹی سکینڈل، آشیانہ اقبال کرپشن کیس اور پنجاب پولیس فنڈز میں مبینہ بدعنوانی کے کیسز میں ہونیوالی پیش رفت کا جائزہ لیا۔

شہزاد سلیم نے چیئرمین نیب کو بتایا کہ 56 کمپنیز سکینڈل کیس اور پیراگون سٹی سکینڈل میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے، کئی اہم ریکارڈز کو حاصل کر لیا گیا ہے، جبکہ انھیں دیگر کیسز میں ہونیوالی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

چیئرمین نیب نے بریفنگ لینے کے بعد ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے اس موقع پر کہا کہ نیب کرپشن فری پاکستان کے خواب کو تعبیر بخشنے کیلئے کوشاں ہے، ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ نیب کی اولین ترجیح ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میگا کرپشن کے مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر منطقی انجام تک پہنچایا جائے جبکہ میرٹ، شفافیت اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر اقدامات اٹھائے جائیں۔

چیئرمین نیب نے واضح کیا کہ نیب کسی ملزم کے میڈیا ٹرائل کے حق میں نہیں، نیب کے قانونی اقدامات بذات خود میڈیا ٹرائل کا شکار ہیں، نیب میں شواہد کے بغیر کسی ملزم کے خلاف کارروائی عمل میں نہیں لائی جاتی ہے۔