کراچی میں دو بچوں کی موت زہریلے کھانے سے ہوئی، پولیس کی تصدیق

Last Updated On 19 December,2018 11:01 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے کلفٹن میں 10 نومبر کو دو بچوں کی موت کا معاملہ، پولیس نے ریسٹورنٹ کھانے کو مضر صحت ہونے کی تصدیق کر دی۔

ڈی آئی جی ساؤتھ کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ کھانے کے نمونوں میں بڑی مقدار میں مہلک بیکٹریا موجود تھا، پولیس نے ریسٹورنٹ کے دو ملازمین کو گرفتار کر لیا ہے۔ عدالت نے تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق چالیس روز قبل کراچی میں دو بچوں کی موت زہریلا کھانا کھانے سے ہوئی جس کی پولیس نے تصدیق کر دی ہے۔ ڈی آئی جی ساؤتھ نے بتایا ہے کہ ماہرین کی رپورٹ اور تجزیے کے مطابق ریسٹورنٹ کے کھانے میں زہریلے بیکٹیریا انتہائی زیادہ مقدار میں تھے۔

جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ بیکٹیریا اتنے مہلک تھے کہ والدہ کی حالت بھی خراب ہوئی اور وہ بروقت اطلاع نہ کر سکیں۔ پولیس نے ریسٹورنٹ کے دو مینجرز کو بھی گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔

ڈی آئی جی نے کہا کہ ریسٹورینٹ انتظامیہ سامان کی خریداری کے حوالے سے واضح جواب نہیں دے سکی ہے۔ پولیس کی جانب سے کھانے کے نمونے اور پوسٹ مارٹم سے حاصل بچوں کے اعضا پنجاب فرانزک لیب سمیت دیگر اداروں کو بھیجے تھے۔