چنیوٹ میں انوکھی واردات، بلی کے ذریعے شہری کا بیش قیمت بِلا چرا لیا

Last Updated On 18 December,2018 08:00 pm

چنیوٹ: (دنیا نیوز) چنیوٹ میں چوری کی انوکھی واردات، پالتو بلیاں چوری کرنے والا گروہ سرگرم ہو گیا جس نے بلی کے ذریعے شہری کا خوبصورت بیش قیمت بلا چرا لیا، پولیس نے شہری کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا۔

چنیوٹ کے شہری امیر عمر نے تھانہ سٹی چنیوٹ پولیس کو تحریری درخواست میں اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ چنیوٹ میں قیمتی پالتو بلیاں چوری کرنے والا گروہ متحرک ہے اور گزشتہ روز شہری کے گھر میں بلی بھیج کر بیش قیمت رشین بلے کو گروہ نے ورغلا کر چوری کر لیا ہے۔

شہری کے مطابق بلے کو گھر سے باہر نکالنے کے لئے ملزمان نے بلی گھر کے اندر بھیجی گئی۔ بلی کے پیچھے پیچھے بلا گھر سے باہر آیا تو ملزمان موٹر سائیکل پر اٹھا کر بھاگ گئے۔

بلے کے مالک کی درخواست پر تھانہ سٹی پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے پبلک ریلیشن آفیسر وقاص مہناس کا کہنا ہے کہ تھانہ سٹی پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ دوسری طرف بلے کے چوری ہونے کے بعد گھر میں بچوں نے رو رو کر برا حال کر لیا۔