جامع منصوبہ بندی نہ ہوئی تو مسائل شدت اختیار کر جائیں گے، وزیراعظم

Last Updated On 11 December,2018 11:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِاعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انسان کی پہچان اس کے ارادوں اور اس کی سوچ سے ہوتی ہے، اسے شکست اس وقت ہوتی ہے جب وہ ہار مان لیتا ہے۔

اسلام آباد میں کیڈٹ کالج مستونگ کے طلبہ نے وزیرِاعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال بھی موجود تھیں۔

طلبہ کی جانب سے مختلف موضوعات پر وزیرِاعظم سے بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ انسان کی پہچان اس کے ارادوں اور اس کی سوچ سے ہوتی ہے، جو انسان جتنے بڑے خواب دیکھتا ہے، چیلنجز قبول کرتا ہے، وہ اتنا ہی بڑا انسان ہوتا ہے، ہر چھوٹی کامیابی انسان کو بڑی کامیابیوں کے لئے تیار کرتی ہے، انسان جب تک محنت جاری رکھتا ہے وہ اتنا ہی بڑا شخص بنتا جاتا ہے، انسان ہارتا اس وقت ہے جب وہ ہار مان لیتا ہے، اچھا اور برا وقت زندگی کا حصہ ہوتے ہیں۔ برا وقت انسان کو سبق سکھاتا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بلوچستان میں پانی کا مسئلہ بہت سنگین ہے، بڑھتی ہوئی آبادی اور زیرِ زمین پانی مزید نیچے جانے سے یہ مسئلہ اور بھی سنگین ہو چکا ہے، اس پر قابو پانے کے لئے جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں تین طرح کے نظام تعلیم نے مسائل کو جنم دیا ہے۔ مختلف طبقوں کے لئے مختلف نظام تعلیم کی کسی معاشرے میں گنجائش نہیں ہوتی۔ ہماری کوشش ہے کہ ملک بھر میں یکساں اور معیاری نصابِ تعلیم رائج کیا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مختلف وجوہات کی بنیاد پر صوبہ بلوچستان ملک کے باقی حصوں سے پیچھے رہ گیا ہے۔ ہماری پوری کوشش ہو گی کہ بلوچستان کے طالب علموں کو تعلیم کے مواقع ملیں، طالب علموں کووظائف دے کر تعلیم کے میدان میں آگے بڑھنے میں مدد دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام میں ترقیاتی فنڈز نچلی سطح پر منتقل کیے جائیں گے۔ ویلیج لیول پر ترقیاتی فنڈز کی فراہمی سے بلوچستان پسماندگی دور کرنے میں مدد ملے گی۔

طلبہ سے گفتگو میں وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو کھیل کے میدان میں صلاحیتیوں دکھانے کے لیے سپورٹس کا نیا نظام لائیں گے۔ ہم نے عہد کیا ہے کہ پاکستان کو ریاستِ مدینہ کے اصولوں پر چلائیں گے، سیرت طیبہ ﷺ پر ریسرچ کے فروغ کے لئے ملک کی تین بڑی جامعات میں سیرت چیئر قائم کی جا رہی ہے۔