وزیراعظم ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے، گورنر سندھ سے ملاقات

Last Updated On 09 December,2018 02:46 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے ہیں جہاں گورنر سندھ سے ان کی ملاقات ہوئی. وزیراعظم کو اجلاس میں‌ ترقیاتی کاموں، تجاوزات کے خلاف آپریشن و دیگر امور پربریفنگ بھی دی جائے گی۔ وزیراعظم عمران خان گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

سندھ کے ترقیاتی منصوبوں اور شہریوں کو درپیش مسائل سمیت معاملات کا جائزہ لینے کیلئے وزیراعظم عمران خان کراچی پہنچ گئے ہیں، ائیرپورٹ پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ بعد ازاں وہ گورنر ہاوس پہنچے جہاں ان کی گورنر سندھ سےباضابطہ ملاقات ہوئی جس میں سیاسی امور سمیت دیگر معاملات پر گفتگو ہوئی۔ عمران خان آج کراچی میں مصروف دن گزاریں گے جس کے دوران وزیراعلی سندھ سے ملاقات کے علاوہ بزنس کمیونٹی سے بھی ملیں گے۔

وزیراعظم کو کراچی سمیت صوبے میں جاری ترقیاتی کاموں خصوصا تجاوزات کے خلاف آپریشن پر بریفنگ دی جائے گی، تجاوزات آپریشن سے پیدا ہونے والی کشمکش اور سیاسی جماعتوں کے ردعمل کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ عمران خان کا وزارت عظمی سنبھالنے کے بعد سے یہ دوسرا دورہ کراچی ہے۔

وزیراعظم کو سٹیٹ گیسٹ ہاوس میں منعقدہ اجلاس میں وفاقی حکومت کے کراچی میں جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بھی رپورٹ دی جائے گی۔