اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چودھری کا کہنا ہے نواز شریف اور آصف زرداری سیاست سے باہر ہوگئے، دونوں کو جدوجہد کئے بغیر اقتدار ملا، جاتی امرا پر ایک اینٹ بھی اپنے پیسے سے نہیں لگائی گئی، اپوزیشن چیلنج نہیں، گورننس اور معیشت کے چیلنجز درپیش ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تمام وزارتوں نے اپنے اخراجات میں خاطر خواہ کمی کی، اخراجات میں کمی سے قومی خزانے کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا وزیراعظم مدینہ کی ریاست کے تخیل پر کام کر رہے ہیں، وزیراعظم کی مخلصانہ کوششوں پر شک نہیں کیا جاسکتا، نواز شریف اور آصف زرداری نے اپنا آخری الیکشن لڑلیا، ن لیگ اور پیپلزپارٹی ہمارے لیے سیاسی چیلنج نہیں، ماضی میں وزیر بننے کے بعد صرف مراعات سے لطف اندوز ہوا جاتا تھا۔
فواد چودھری کا کہنا تھا ماضی میں وزرا کے علاج پر 4، 4 کروڑ خرچ ہوتے تھے، جاتی امرا میں ایک اینٹ بھی ذاتی پیسے سے نہیں لگائی گئی۔ انہوں نے کہا ہمیں گورننس اور معیشت کا چیلنج درپیش ہے، تمام وزارتوں نے اپنے اخراجات میں خاطر خواہ کمی کی۔