کے پی حکومت کی سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ عمر میں اضافے کی تجاویز تیار

Last Updated On 10 December,2018 11:50 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ کی عمر میں اضافے پر غور شروع کر دیا، ملازمین کیلئے مدت ملازمت 60 سے 63 سال کرنے کیلئے تجاویز صوبائی کابینہ کو پیش کر دی گئیں۔

خیبر پختونخو احکومت نے سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ کی مدت میں 60 سے 63 سال کرنے سے متعلق تجاویزغور کیلئے خیبرپختونخوا کابینہ میں پیش کر دی ہیں۔ تجاویز میں کہا گیا ہے کہ 1960ء میں ریٹائرمنٹ کی عمر 50 سال تھی، 1973ء میں ریٹائرمنٹ کی عمر 60 سال مقرر کی گئی، سرکاری ملازمین کی مدت ملازمت کی پالیسی اوسط عمر کے تناسب سے تیار کی گئی تھی۔ 1960ء میں پاکستان میں اوسط عمر 26۔45 اور ریٹائرمنٹ کی عمر 50 سال جبکہ 1960ء میں ہی اوسط عمر 38۔54 اور مدت ملازمت کی حد 60 سال مقرر کی گئی۔ 26 سال گزرکے بعد بھی ریٹائرمنٹ کی عمر میں اضافہ نہیں کیا گیا۔

تجاویز میں مزید کہا گیا ہے کہ مدت ملازمت میں توسیع سے خزانے پر پنشن کے بڑھتے ہوئے دباؤ کو کم کیا جاسکے گا جبکہ 3 سالوں میں حکومت کو 5۔76 بلین روپے بچت ہوگی۔ تجربہ کار بیوروکریسی کے بڑھتے خلاء کو بھی کم کیا جاسکے گا، قبل ازوقت ریٹائرمنٹ کیلئے مدت ملازمت میں بھی 5 سال اور قبل ازوقت ریٹائرمنٹ کیلئے مدت ملازمت 25 سے 30 سال کرنے کی تجویز شامل ہے۔